لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستان شوبز کے ابھرتے ہوئے اداکار اور گلوکار عاشر وجاہت نے نوجوان اداکارہ اریکا حق کے ساتھ اپنے تعلق سے متعلق گردش کرتی خبروں پر واضح مؤقف اختیار کر لیا ہے۔حال ہی میں ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاشر وجاہت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اور اریکا حق کے درمیان قربت سے متعلق جو افواہیں پھیل رہی ہیں، وہ محض مداحوں کی خواہش اور اندازوں پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شائقین اکثر اپنے پسندیدہ فنکاروں کو حقیقی زندگی میں بھی ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں، اسی وجہ سے انہیں اور اریکا کو بھی ایک جوڑی کے طور پر تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ ان کے درمیان صرف اچھی دوستی ہے۔اداکار نے واضح کیا کہ وہ اس رجحان کو منفی نہیں سمجھتے بلکہ اسے مداحوں کی محبت اور پذیرائی قرار دیتے ہیں، تاہم اصل تعلق صرف پیشہ ورانہ اور دوستانہ ہے۔یاد رہے کہ عاشر وجاہت نے کم عمری میں فلم کراچی سے آگے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جسے ان کے والدین وجاہت رؤف اور شازیہ وجاہت نے پروڈیوس کیا تھا۔بعد ازاں وہ ڈرامہ سیریل پنجرہ سمیت مختلف پروجیکٹس میں نظر آئے اور اپنی اداکاری کے باعث پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔ اس وقت وہ اپنے کردار “سبک” اور گانے “صدقے” کی وجہ سے خاصی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔