آغا علی شوٹنگ کے دوران زخمی پھر بھی کام جاری رکھا

5 گھنٹے قبل
آغا علی شوٹنگ کے دوران زخمی پھر بھی کام جاری رکھا

کراچی( شوبز ڈیسک)معروف پاکستانی اداکار آغا علی ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے تاہم انہوں نے پیشہ ورانہ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام جاری رکھا اور اس واقعے کو اپنی محنت کا حصہ قرار دیا۔اداکار نے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ایک ایکشن سین کی ریکارڈنگ کے دوران ریہرسل مکمل ہونے کے باوجود ایک ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر لگ گیا جس سے انہیں چوٹیں آئیں اور ہاتھ زخمی ہو گیا۔ اس غیر متوقع واقعے کے باوجود انہوں نے شوٹنگ روکنے کے بجائے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔آغا علی کے مطابق انہوں نے زخموں کو میک اپ کے ذریعے چھپایا اور رات گئے تک تقریباً چار بجے تک کام مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنا ضروری ہوتا ہے خواہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔انہوں نے اس تجربے کو مداحوں کے لیے ایک مثبت پیغام میں بدلتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سفر آسان نہیں ہوتا، راستے میں مشکلات ضرور آتی ہیں لیکن مستقل مزاجی اور ہمت ہی انسان کو منزل تک پہنچاتی ہے۔ اداکار نے امید ظاہر کی کہ ان کا نیا پراجیکٹ شائقین کو ضرور پسند آئے گا۔واضح رہے کہ آغا علی دو ہزار پانچ میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے کے بعد متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جبکہ وہ گلوکاری اور نغمہ نگاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔