اسلام آباد( پاکستان خبر)وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ فریقین تنازع کے مستقل خاتمے کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران جامع امن معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ پاکستانی قیادت نے ایران پر حملہ نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی اس وقت تک برقرار رکھی جائے گی جب تک بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔