اسلام آباد( پاکستان خبر) ملک بھر سے جاری حج فلائٹ آپریشن میں تیزی آ گئی ہے اور عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک اکیس پروازوں کے ذریعے پانچ ہزار دو سو پچاس سرکاری عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز مزید تیرہ حج پروازیں روانہ ہوں گی جن کے ذریعے تین ہزار پانچ سو دس عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔ ان پروازوں میں اسلام آباد سے چار جبکہ کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے دو، دو پروازیں شامل ہیں، جبکہ سیالکوٹ سے بھی ایک پرواز روانہ ہوگی۔حکام کے مطابق سرکاری حج آپریشن میں قومی اور غیر ملکی فضائی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جن میں پی آئی اے، سعودی ایئر، ایئر بلیو اور ایئر سیال شامل ہیں۔عازمین کی سہولت کے لیے ملک بھر کے دس حاجی کیمپوں میں تربیتی نشستیں، سفری دستاویزات کی فراہمی اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے تاکہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی اور سعودی ہوائی اڈوں پر وزارت مذہبی امور کا عملہ چوبیس گھنٹے موجود ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دشواری کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق حج فضائی آپریشن اکتیس مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
حج فلائٹ آپریشن میں تیزی، 31 مئی تک پروازیں بلا تعطل جاری رہیں گی
1 دن قبل