کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی سینئر اداکار بہروز سبزواری نے متنازع پوڈکاسٹرز کی آمدن اور مواد کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔بطور چائلڈ آرٹسٹ پی ٹی وی سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کرنے والے 57 سالہ اداکار حالیہ دنوں میں مختلف پوڈکاسٹس میں دیے گئے بیانات کے باعث تنقید کی زد میں رہے ہیں اور ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔مختلف پوڈکاسٹس میں ان کی گفتگو کے دوران بعض بیانات، خصوصاً شراب نوشی سے متعلق باتیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد انہیں وضاحتیں دینا پڑیں اور کچھ انٹرویوز سے گریز بھی کرنا پڑا۔ایک حالیہ انٹرویو میں بہروز سبزواری نے کہا کہ آج کل بڑی تعداد میں لوگ پوڈکاسٹس کر رہے ہیں اور بعض افراد ایسی باتیں نکالنے کی کوشش کرتے ہیں جو دوسروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ دعا کرتے ہیں کہ ان کی زبان سے کوئی ایسی بات نہ نکلے جو کسی کی دل آزاری کا باعث بنے، اور ان کے مطابق جو متنازع باتیں وائرل ہوئیں وہ آف دی ریکارڈ گفتگو تھی۔اداکار نے پوڈکاسٹرز کی آمدن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اس طرح کمائی جانے والی رقم کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ حلال ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ضروری ہے کہ لوگ حلال اور حرام کی تمیز کو سمجھیں، کیونکہ بعض افراد مہنگی گاڑیاں اور پرتعیش زندگی اختیار کرتے ہیں مگر اس آمدن کے ذرائع واضح نہیں ہوتے۔
حلال و حرام پر بحث چھڑ گئی،بہروز سبزواری نے پوڈکاسٹرز کی آمدن پر سوال اٹھا دیا
1 دن قبل