اسلام آباد(کامرس ڈیسک) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان برقرار ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران 220 کمپنیوں میں غیر ملکی شیئر ہولڈرز شامل ہوئے، جبکہ غیر ملکی ڈائریکٹرز سے منسلک کمپنیوں کا ادا شدہ سرمایہ 657 ملین روپے تک پہنچ گیا ہے۔کمیشن کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بالخصوص ٹریڈنگ، سروسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کے شعبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اسی عرصے میں مجموعی طور پر 10 ہزار 318 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو 12 اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ ان میں 58 اعشاریہ چھ فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ اور 37 اعشاریہ نو فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔صوبائی سطح پر 50 اعشاریہ دو فیصد کمپنیاں پنجاب، 19 فیصد اسلام آباد اور 15 اعشاریہ پانچ فیصد سندھ میں رجسٹر ہوئیں۔شعبہ وار رجسٹریشن کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس میں 2065، ٹریڈنگ میں 1687، سروسز میں 1288، رئیل اسٹیٹ میں 934، سیاحت میں 581، خوراک و مشروبات میں 497 اور تعلیم کے شعبے میں 363 کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، کمپنی رجسٹریشن میں ریکارڈ بہتری سامنے آ گئی
1 دن قبل