اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ تک کے عرصے میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر پانچ اعشاریہ سات فیصد تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ سال اسی مدت میں پانچ اعشاریہ تین فیصد تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے میں برآمدات میں ایک اعشاریہ دو فیصد کمی ہوئی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تینتیس اعشاریہ چار فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب درآمدات میں آٹھ اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا۔وفاقی ادارہ محصولات نے اس دوران دس اعشاریہ ایک فیصد اضافے کے ساتھ نو ہزار تین سو چھ ارب روپے ٹیکس وصول کیا جو گزشتہ سال آٹھ ہزار چار سو ترپن ارب روپے تھا۔ترسیلات زر میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تیس ارب تیس کروڑ ڈالر وطن بھیجے جو گزشتہ سال اٹھائیس ارب ڈالر تھے۔رپورٹ کے مطابق برآمدات کی مجموعی مالیت تیس ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہی جبکہ درآمدات بڑھ کر چھپن ارب تیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تینتیس اعشاریہ چار فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مہنگائی میں اضافہ، برآمدات و سرمایہ کاری میں کمی رپورٹ جاری
5 گھنٹے قبل