اقبال کا پیغام آج بھی مشعلِ راہ ہے، صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

1 دن قبل
اقبال کا پیغام آج بھی مشعلِ راہ ہے، صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد( پاکستان خبر) آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ سماجی انصاف اور خود کفیل پاکستان کے لیے ایک واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر ایک منصفانہ، انسان دوست اور مضبوط نظام کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے محسن اور عظیم فکری رہنما تھے جنہوں نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نے محکوم قوموں میں بیداری اور خودمختاری کا جذبہ پیدا کیا، اور آج بھی ان کا پیغام غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقبال نے محبت، اخوت اور قومی بیداری کو زندگی کا مقصد قرار دیا، اور ان کے نظریات کی روشنی میں اتحاد اور علم ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔