اسلام آباد ( پاکستان خبر) ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف ہائیکنگ ٹریلز کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل کو 20 اپریل 2026 سے تاحکمِ ثانی عوام کے لیے بند رکھا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہائیکنگ ٹریلز کی بندش کا فیصلہ عوامی مفاد اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بندش کے دوران ان مقامات پر ہر قسم کی عوامی سرگرمی پر مکمل پابندی ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے، جن میں چیف کمشنر آفس، اسلام آباد پولیس، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی، وزارت داخلہ اور پیمرا شامل ہیں۔ میڈیا کو بھی اس حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل کریں اور بندش کے دوران ان علاقوں کا رخ نہ کریں، جبکہ سکیورٹی اور نگرانی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ہائیکنگ ٹریلز بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
6 گھنٹے قبل