اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کا نیا دور متوقع، پاکستان ایک بار پھر سفارتی مرکز بن گیا

6 گھنٹے قبل
اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کا نیا دور متوقع، پاکستان ایک بار پھر سفارتی مرکز بن گیا

اسلام آباد( پاکستان خبر)اسلام آباد، واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت میں پاکستان ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا۔ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکی نمائندے مذاکرات کے لیے پاکستان میں موجود ہوں گے، جبکہ سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ان کے مطابق فریقین ایک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو ایک منصفانہ اور قابل قبول پیشکش دی جا رہی ہے، اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ معاملہ کسی نہ کسی صورت میں حل ہو جائے گا، خواہ وہ دوستانہ طریقے سے ہو یا سخت حکمت عملی کے ذریعے۔سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وفد دو مراحل میں پاکستان پہنچے گا، جبکہ ایرانی مذاکراتی وفد کے بھی اسلام آباد آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ رابطوں میں پاکستان کو اہم کردار حاصل رہا ہے۔ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ دنوں فریقین نے پاکستان کی ثالثی میں پیغامات کا تبادلہ کیا، جس سے مذاکراتی عمل میں پیش رفت کی امید بڑھ گئی ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی یا دباؤ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، اور موجودہ مذاکراتی عمل کو متاثر کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان کئی دہائیوں بعد ابتدائی براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جس کے بعد پاکستان کو ایک اہم سفارتی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔