لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے ساتھی اداکار شان شاہد کو بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان سے بھی بڑا اور بہترین فنکار قرار دے دیا ہے۔میرا، جو اپنی فلموں احساس، کمانڈو، کھلونا، گھر کب آؤ گے، انتہا اور چیف صاحب سمیت متعدد منصوبوں کے لیے جانی جاتی ہیں، ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔اداکارہ جلد اپنی نئی فیچر فلم سائیکو کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں، جس کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز متوقع ہے۔ اس سے قبل وہ فلم باجی میں جلوہ گر ہو چکی ہیں جو باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران میرا نے اپنے آنے والے پراجیکٹ کی تشہیر کے ساتھ ساتھ شان شاہد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہیں پاکستانی شاہ رخ خان قرار دیا اور کہا کہ وہ نہ صرف بہترین اداکار ہیں بلکہ ایک شاندار ہدایت کار اور باصلاحیت لکھاری بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دونوں میں سے انتخاب کرنا ہو تو وہ بلا شبہ شان شاہد کو ترجیح دیں گی، کیونکہ وہ ایک بہترین استاد ہیں جو اداکاروں کی بھرپور رہنمائی کرتے ہیں۔میرا نے مزید کہا کہ ہمیں غیر ملکی فنکاروں سے تقابل کے بجائے اپنی فلم انڈسٹری پر فخر کرنا چاہیے اور اس کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔