کراچی( کامر س ڈیسک) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مزید ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ پروگرام کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کر دی گئی ہے، جس کے تحت ایک ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔اس سے قبل اسی معاہدے کے تحت پہلی قسط میں دو ارب ڈالر 15 اپریل کو پاکستان کو فراہم کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے مجموعی طور پر تین ارب ڈالر کی مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی، جس میں بعد ازاں ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا، جس پر امریکا میں دستخط کیے گئے تھے۔وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ہونے والے عالمی مالیاتی اجلاس کے موقع پر اس معاہدے میں شرکت کی، جس کا مقصد پاکستان کی مالی صورتحال کو مستحکم بنانا ہے۔