اسلام آباد( پاکستان خبر)اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاک فوج، رینجرز، اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی میں فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چونگی کے راستے بھی بند ہیں۔صورتحال کے باعث سرکاری دفاتر کے ملازمین کو آج گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ سرکاری اور نجی جامعات میں تدریسی سرگرمیاں آن لائن کر دی گئی ہیں۔ریڈ زون میں واقع تمام وزارتیں، ڈویژنز اور وفاقی ادارے بھی آج ورک فرام ہوم پر چلے گئے ہیں۔مزید برآں وفاقی آئینی عدالت میں آج عدالتی کارروائی معطل کر دی گئی ہے جبکہ اکیس اپریل کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بھی آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد و راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، ریڈ زون بند، نظام زندگی مفلوج
1 دن قبل