ایران کے ساتھ مستقل معاہدہ چاہتے ہیں، آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ: صدر ٹرمپ

4 گھنٹے قبل
ایران کے ساتھ مستقل معاہدہ چاہتے ہیں، آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ: صدر ٹرمپ

وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے بلکہ ایسا مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک قائم رہ سکے۔ ان کے مطابق معاہدے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس اہم آبی گزرگاہ کو کھولنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو بہتر معاہدے کا موقع دیا جا رہا ہے اور جیسے ہی ڈیل طے پائے گی، صورتحال معمول پر آ جائے گی۔امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے ایران کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور وہاں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں۔ ان کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران میں بڑی حد تک اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں اور اگرچہ جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی عسکری صلاحیت بحال کرنے کی کوشش کی ہوگی، تاہم امریکی فوج دوبارہ کارروائی کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا اور وہ ایران کے ساتھ طویل المدتی امن معاہدے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قلیل مدت میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے تاہم بعد میں کمی آئے گی۔