یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ

3 گھنٹے قبل
یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ

کراچی( کامرس ڈیسک)ایران اور خطے میں کشیدگی کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گاڑیوں کے تحقیقاتی معروف برطانوی ادارے نیو آٹوموٹیو کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران یورپ کی اہم آٹو مارکیٹس میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اکاون فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق مہنگے پیٹرول کی وجہ سے یورپی صارفین تیزی سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق صرف مارچ میں پندرہ یورپی ممالک میں دو لاکھ چوبیس ہزار سے زائد نئی الیکٹرک گاڑیاں رجسٹر ہوئیں جو کل نئی گاڑیوں کی فروخت کا تقریباً بائیس فیصد بنتی ہیں۔دو ہزار چھبیس کی پہلی سہ ماہی میں یورپی یونین کے ممالک میں پانچ لاکھ سے زائد الیکٹرک گاڑیاں رجسٹر ہوئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تینتیس اعشاریہ پانچ فیصد زیادہ ہیں۔ یورپ کے بڑے ممالک جرمنی، فرانس، اسپین، اٹلی اور پولینڈ میں چالیس فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جرمنی میں حکومتی مراعات کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں دوبارہ تیزی دیکھی گئی اور مارچ میں ہر چار میں سے ایک نئی گاڑی الیکٹرک تھی۔اٹلی میں سال کے آغاز سے اب تک پینسٹھ فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ فرانس میں الیکٹرک گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر اٹھائیس فیصد تک پہنچ گیا۔ماہرین کے مطابق توانائی کے مسائل اور مہنگائی نے صارفین کے فیصلوں پر گہرا اثر ڈالا ہے اور الیکٹرک گاڑیوں کی طرف رجحان کو مزید تقویت دی ہے۔