اے ڈی بی کا پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر اضافی فنانسنگ کا عندیہ، ترقیاتی پیکج منظور

6 گھنٹے قبل
اے ڈی بی کا پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر اضافی فنانسنگ کا عندیہ، ترقیاتی پیکج منظور

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر تک کی اضافی مالی معاونت فراہم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے 80 کروڑ ڈالر کے پیکج کی منظوری دے دی ہے۔حکام کے مطابق منظور شدہ پیکج میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 50 کروڑ ڈالر گارنٹی شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں بجٹ خسارے میں کمی اور سرکاری قرضوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بنیادی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری محدود ہے جس کی بڑی وجہ مالی دباؤ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت ٹیکس نظام اور محصولات میں بہتری پر بھی توجہ دی جائے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ خواتین کی معاشی شمولیت بڑھانے کے لیے 35 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ملک میں خواتین کی مالی شرکت کا بڑا خلا موجود ہے۔رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلی کو خطے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں، سیلاب اور گلیشیئر پگھلنے کے اثرات پاکستان کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں گرین کلائمیٹ فنڈ کے تحت 25 کروڑ ڈالر سے پانی اور زرعی نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں تانبے اور سونے کے کان کنی منصوبے کے لیے بھی جدید مالی پیکیج کی منظوری دی ہے۔