اسلام آباد ( کامر س ڈیسک) گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر پاور ڈویژن نے پیداوار بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے پٹرولیم ڈویژن کو خط ارسال کیا ہے، جس میں مائع قدرتی گیس کی فوری فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں پاور ڈویژن نے تقریباً 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی پیداوار کے لیے مائع قدرتی گیس کی دستیابی ناگزیر ہو چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں مزید اضافے کے ساتھ بجلی کے شارٹ فال میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ مائع قدرتی گیس کے پلانٹس میں تقریباً 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔خط میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ڈیزل اور فرنس آئل کے مقابلے میں مائع قدرتی گیس سے بجلی کی پیداوار نسبتاً کم مہنگی ہے، جبکہ اس کی عدم دستیابی کی صورت میں ڈیزل پر انحصار بڑھ سکتا ہے، جس سے صارفین پر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پاور ڈویژن نے آئندہ ہفتوں کے لیے طلب و رسد کا تخمینہ بھی تیار کر لیا ہے، جبکہ کے الیکٹرک نے بھی اپنی ضروریات سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
گرمی میں اضافہ، بجلی کی طلب بڑھنے پر پیداوار بڑھانے کے اقدامات شروع
6 گھنٹے قبل