معیشت میں بہتری، جی ڈی پی نمو کے نئے اہداف منظور

2 دن قبل
معیشت میں بہتری، جی ڈی پی نمو کے نئے اہداف منظور

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)قومی اکاؤنٹس کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی اور سالانہ اقتصادی تخمینوں کی منظوری دے دی ہے، جس میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کے اہم اہداف طے کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کی نظرثانی شدہ شرح نمو 3.92 فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی کی شرح نمو 4.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ تیسری سہ ماہی میں معیشت نے 3.99 فیصد کی رفتار سے ترقی کی، جس میں زرعی شعبہ 3.01 فیصد، صنعتی شعبہ 4.65 فیصد اور خدمات کا شعبہ 4.18 فیصد بڑھا۔کمیٹی کے مطابق مالی سال 2023-24 کی حتمی شرح نمو 2.62 فیصد رہی، جبکہ مالی سال 2024-25 کی نظرثانی شدہ شرح نمو 3.18 فیصد مقرر کی گئی جو پہلے 3.06 فیصد تھی۔مالی سال 2025-26 کے لیے مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 3.70 فیصد منظور کی گئی ہے، جس میں زرعی شعبہ 2.89 فیصد، صنعتی شعبہ 3.51 فیصد اور خدمات کا شعبہ 4.09 فیصد بڑھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملکی معیشت کا حجم بڑھ کر 452.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ فی کس آمدن 1901 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال 408.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔زرعی شعبے میں اہم فصلوں، مویشی پروری، جنگلات اور ماہی گیری میں بہتری دیکھی گئی، جبکہ گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔ صنعتی شعبے میں مجموعی طور پر 3.51 فیصد نمو رہی، جس میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 6.11 فیصد اضافہ شامل ہے۔اگرچہ توانائی اور کان کنی کے بعض شعبوں میں کمی دیکھی گئی، تاہم تعمیرات، مالیاتی خدمات اور بیمہ کے شعبوں میں بہتری نے مجموعی صنعتی و خدماتی نمو کو سہارا دیا۔خدمات کے شعبے میں 4.09 فیصد اضافہ ہوا، جس میں تھوک تجارت، نقل و حمل، معلوماتی ٹیکنالوجی، مالیات، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں نے مثبت کارکردگی دکھائی۔