اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کا بنیادی مقصد کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اور ملک کی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔اسلام آباد میں ٹیکس اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے مجوزہ ٹیکس اقدامات اور پالیسیوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیم نے شرکاء کو بجٹ میں زیر غور مختلف تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں انڈر رپورٹنگ، نان رپورٹنگ، انڈر انوائسنگ، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا، جبکہ شفافیت اور نفاذ کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام متعارف کرانے کی تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔مزید برآں کسٹمز حکام کی جانب سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی کے لیے ای آکشن سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔احد چیمہ نے کہا کہ ای آکشن سسٹم کے ذریعے نیلامی کا عمل مزید شفاف ہوگا، جبکہ حکومت ایسے ٹیکس نظام کی حمایت کرتی ہے جس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس اصلاحات کو معاشی ترقی اور کاروباری سہولتوں میں بہتری کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول اور معیشت کو بہتر بنانا ہے، احد چیمہ
1 دن قبل