تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہے۔ایرانی پارلیمانی اسپیکر اور مذاکراتی وفد کے سربراہ نے ٹیلی ویژن پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنے مخالفین پر اعتماد نہیں کرتا اور کسی بھی وقت حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق جنگ یا کشیدگی کسی بھی لمحے شدت اختیار کر سکتی ہے۔ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے مطابق قالیباف نے واضح کیا کہ ایران ایک جانب سفارتی عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دوسری جانب قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات اہم ہیں، لیکن ساتھ ہی ملک کے دفاع اور سکیورٹی کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے۔ ان کے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق ایران کی یہ پالیسی کہ “مذاکرات بھی اور تیاری بھی” اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ تہران سفارت کاری کے دروازے کھلے رکھنا چاہتا ہے، مگر ساتھ ہی کسی بھی ممکنہ تصادم کے لیے مکمل طور پر تیار بھی ہے۔
ایران اپنے مخالفین پر اعتماد نہیں کرتا: محمد باقر قالیباف
6 گھنٹے قبل