ایران کی ریاستی پالیسی میں اہم فیصلوں کا اختیار سپریم لیڈر کے پاس ہے:حکام

5 گھنٹے قبل
ایران کی ریاستی پالیسی میں اہم فیصلوں کا اختیار سپریم لیڈر کے پاس ہے:حکام

 تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے دور میں ایران کی شرکت پر تاحال رضامندی ظاہر نہ کیے جانے کے باعث امریکی وفد نے اپنا دورہ مؤخر کر دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی وفد سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ہدایات کے مطابق فیصلے کر رہا ہے۔ایرانی حکومتی کمیونیکیشنز کے ایک سینئر اہلکار الیاس حضرتی نے کہا کہ ایرانی وفد میں شامل تمام مذاکرات کار اجتماعی فیصلوں کے پابند ہیں اور تمام اقدامات سپریم لیڈر کی رہنمائی میں کیے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی ریاستی پالیسی میں اہم فیصلوں کا اختیار سپریم لیڈر کے پاس ہے جو مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے دوسرے دور مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہ ہونے پر امریکی وفد نے پاکستان کا دورہ مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے رواں برس مارچ کے اوائل میں منصب سنبھالا تھا اور اس کے بعد سے وہ عوامی سطح پر کم ہی نظر آئے ہیں جبکہ ان کے پیغامات اکثر تحریری صورت میں ایرانی میڈیا میں نشر کیے جاتے ہیں۔