اسلام آباد( کامرس ڈیسک)نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بنتا جا رہا ہے۔پاکستان ڈیجیٹل اکنامک سینٹر کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روابط اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔اسحاق ڈار کے مطابق پاک چین قیادت ترقی کے اہداف کو مشترکہ طور پر آگے بڑھا رہی ہے جبکہ سی پیک پاکستان کے توانائی اور کنیکٹیویٹی کے شعبے میں ایک اہم گیم چینجر منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اب حقیقی معنوں میں ایک ڈیجیٹل راہداری تشکیل دے رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔نائب وزیرِ اعظم نے مزید بتایا کہ تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں بھی چین کے ساتھ تعاون جاری ہے، جبکہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ان کے مطابق پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مستقبل میں اس کے مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
پاکستان ڈیجیٹل سرمایہ کاری کا پرکشش مرکز بنتا جا رہا ہے، اسحاق ڈار
1 دن قبل