پاکستان کاسعودیہ میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے اور جدہ میں پی سی ایل میچز کے انعقاد کے امکانات پر غور

1 دن قبل
پاکستان کاسعودیہ میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے اور جدہ میں پی سی ایل میچز کے انعقاد کے امکانات پر غور

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے اور مستقبل میں جدہ میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بورڈ نے ابتدائی طور پر اپنے گورننگ بورڈ سے اس منصوبے کی منظوری حاصل کر لی ہے، تاہم حتمی معاہدے اور دیگر انتظامی امور پر ابھی مزید پیش رفت ہونا باقی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی اور دیگر ایشیائی کمیونٹیز موجود ہیں جو کھیل سے خاص لگاؤ رکھتی ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے بھی اسپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔بورڈ نے جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی خواہش ظاہر کی ہے، جبکہ گزشتہ اجلاس میں سعودی کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ اس منصوبے پر تعاون کے لیے اصولی منظوری بھی دی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ مقامی حکام کے ساتھ بات چیت کامیاب ہونے کی صورت میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جس کے بعد تعمیراتی کام شروع ہوگا۔یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اگر تمام مراحل بروقت مکمل ہو گئے تو ایک سال کے اندر جدید فلڈ لائٹس سے مزین کرکٹ اسٹیڈیم تیار کیا جا سکتا ہے، جس میں شائقین کے لیے مناسب گنجائش بھی رکھی جائے گی۔مستقبل میں اسی اسٹیڈیم کو پاکستان سپر لیگ اور دیگر بین الاقوامی و ملکی میچز کے لیے استعمال کرنے کا بھی امکان ہے، جس سے نہ صرف شائقین کو براہ راست کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔