کپل شرما شو نے سنجیدہ اداکارہ کے طور پر میری پہچان متاثر کی، ارچنا پورن سنگھ کا انکشاف

7 گھنٹے قبل
کپل شرما شو نے سنجیدہ اداکارہ کے طور پر میری پہچان متاثر کی، ارچنا پورن سنگھ کا انکشاف

ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے اپنے کیریئر کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ مقبول ٹی وی شو میں شمولیت کے باعث ان کی بطور سنجیدہ اداکارہ پہچان متاثر ہوئی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اداکاری کے باوجود فلم ساز اب بھی انہیں سنجیدہ کرداروں کے لیے قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔اداکارہ کے مطابق انہیں اکثر صرف ایک ایسی شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو کرسی پر بیٹھ کر ہنستی ہے، جس کی وجہ سے انہیں اہم اور مضبوط کرداروں کے مواقع کم مل رہے ہیں۔ارچنا پورن سنگھ نے کہا کہ وہ مسلسل کوشش کے باوجود فلم سازوں کو یہ باور نہیں کرا پا رہیں کہ وہ ایک سنجیدہ اداکارہ بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ کچھ کچھ ہوتا ہے، دے دھنا دھن اور بول بچن جیسی فلموں میں معاون کردار ادا کر چکی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی نئی فلم میں موجودگی انہیں دوبارہ سنجیدہ کرداروں کے مزید مواقع دلانے میں مدد دے گی۔