لاہور( سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کپتان بابراعظم کی قیادت میں آج اسلام آباد سے ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی، جہاں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔پاکستانی ٹیم نے ہفتے کے روز دو روزہ پریکٹس میچ کھیلا، جس کے بعد اتوار کو کھلاڑیوں نے آرام کیا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق انٹرنیشنل کرکٹر منصور امجد کو عبدالسعد کی جگہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ابتدائی طور پر پی سی بی نے شین میکڈرمٹ کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا تھا، تاہم انہوں نے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد استعفیٰ دے دیا۔ ان کا سامان تاحال لاہور میں موجود ہے۔ٹیم انتظامیہ میں منصور امجد کی شمولیت کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سرفراز احمد ہیڈ کوچ، اسد شفیق بیٹنگ کوچ جبکہ عمر گل بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابراعظم کے علاوہ شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔