نارووال(پاکستان خبر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت سے ملک کا مستقبل روشن اور مضبوط بنتا ہے، جبکہ اچھے استاد قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نارووال آج علم اور جامعات کا شہر بن چکا ہے، یہی حقیقی تبدیلی ہے۔ تبدیلی کسی کو گالیاں دینے یا چور کہنے سے نہیں آتی بلکہ عملی طور پر کچھ کرکے دکھانے سے آتی ہے، اور ہم نے یہ کرکے دکھایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے غریب خاندانوں کے بیٹے اور بیٹیاں غربت کی زنجیریں توڑ سکتے ہیں۔ نارووال کے عوام نے انہیں دولت کی وجہ سے نہیں بلکہ تعلیم کی بنیاد پر منتخب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے غریبوں کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارے قائم کرنے کا عہد کیا تھا اور آج ملک بھر میں نارووال کی تعلیمی ترقی کو مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے نوجوانوں کو طبی تعلیم کے لیے ضلع سے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ سینکڑوں طالبات یو ای ٹی نارووال سے انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جبکہ ہزاروں طالبات یونیورسٹی آف نارووال میں تعلیم حاصل کرکے اپنے خواب پورے کر رہی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذہنی آزادی کی حفاظت کریں اور نفرت و تعصب کو اپنے ذہنوں پر حاوی نہ ہونے دیں۔ ان کے مطابق آزادانہ سوچ ہی انسان کو بلندیوں تک لے جاتی ہے، جبکہ ذہن بند ہوجانے سے نئے خیالات اور افکار کی بلندیوں تک رسائی ممکن نہیں رہتی۔