لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کا سرکاری دورے پر استقبال کیا۔ یہ 44 سال بعد کسی عمانی سلطان کا برطانیہ کا پہلا سرکاری ریاستی دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔دورے کے موقع پر شاہ چارلس نے اپنے خطاب میں صحیح مسلم کی ایک حدیثِ نبوی ﷺ عربی زبان میں پڑھ کر سنائی اور عمان کے عوام کے حسنِ اخلاق اور نرم مزاجی کو سراہا۔شاہ چارلس نے جس حدیث کا حوالہ دیا، اس کا مفہوم ہے کہ اگر تم عمان کے لوگوں کے پاس جاتے تو وہ نہ تمہیں برا بھلا کہتے اور نہ تمہیں مارتے۔ برطانوی بادشاہ کی جانب سے حدیث کا عربی متن پڑھنے کو اس دورے کا ایک نمایاں لمحہ قرار دیا جارہا ہے۔اس موقع پر شاہ چارلس نے عمان کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی، بالخصوص آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے عمان کے کردار کو سراہا۔سلطان ہیثم بن طارق کا یہ دورہ برطانیہ اور عمان کے دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کے علاوہ تجارت، علاقائی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ جیسے معاملات بھی خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
عمانی سلطان کا 44 سال بعد برطانیہ کا سرکاری دورہ، شاہ چارلس نے حدیثِ نبوی ﷺ سنائی
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں