اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان کو قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک اور کارگو موصول ہوگیا، جس کے بعد اس سے گیس کی فراہمی ملکی نظام میں شروع کردی گئی ہے۔وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق اکتوبر کے دوران اب تک قطر سے ایل این جی کے دو کارگو پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگے اسپاٹ مارکیٹ کارگوز کی خریداری سے حتی الامکان گریز کیا جائے، کیونکہ معاہدے کے تحت قطر سے ملنے والی ایل این جی کی قیمت اسپاٹ مارکیٹ کے مقابلے میں تقریباً نصف ہے۔وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت قطری ایل این جی کی قیمت 14 سے 15 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) ہے، جبکہ اسپاٹ مارکیٹ میں گیس کی قیمت 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے۔