اسلام آبا د(پاکستان خبر) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ درحقیقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ یہ یوٹیوبرز بیرون ملک محفوظ بیٹھ کر پیسے کما رہے ہیں، جبکہ ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کی قیمت پاکستان میں موجود پی ٹی آئی کو چکانا پڑتی ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی کہ جس شخص کی حمایت کے دعوے کیے جارہے ہوں، اسی کی مشکلات اور آزمائشوں کو بنیاد بنا کر ڈالر کمائے جائیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں بھی ان یوٹیوبرز کی آمدنی جاری تھی اور اب جماعت اقتدار میں نہیں ہے، تب بھی ان کی کمائی کا سلسلہ برقرار ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بیرون ملک بیٹھے یہ یوٹیوبرز اپنے طرزِ عمل کے ذریعے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور جماعت کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن ہیں، خواجہ آصف
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان