تازہ ترین
پاکستان کی ترقی کیلئے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، مصطفیٰ کمال بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن ہیں، خواجہ آصف خیبر پختونخوا کو جلتا نہیں چھوڑ سکتے، گورنر راج مجبوری میں لگانا پڑا: وزیراعظم ہر سیاسی جماعت میں جاگیردار موجود ہیں، 42 سال سے سیاست کی نرسری بند ہے: حافظ نعیم؎ عمانی سلطان کا 44 سال بعد برطانیہ کا سرکاری دورہ، شاہ چارلس نے حدیثِ نبوی ﷺ سنائی آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات کیلئے امریکا کو ایرانی شرائط ماننا ہوں گی: عراقچی پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بڑی کمی ایف بی آر کا اسٹیل سیکٹر کی پیداوار اور ترسیل کی الیکٹرانک نگرانی لازمی قرار دینے کا فیصلہ پاکستان کو قطر سے اکتوبر کا دوسرا ایل این جی کارگو موصول ایل پی جی کی مصنوعی قلت کا خدشہ، اوگرا کو کارروائی کی ہدایت ایران کی نئی دھمکی، جنگ ہوئی تو انٹرنیٹ کیبلز اور ڈیٹا سینٹرز بھی نشانے پر آسکتے ہیں ٹرمپ کا ایران سے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کا اعتراف، جنگ کا نتیجہ جلد سامنے آنے کا دعویٰ مریخ پر پراسرار سفید بادل کی تشکیل سے متعلق اہم انکشاف صارفین کے ڈیٹا سے متعلق گمراہ کن معلومات پر میٹا کو 25 ارب ڈالر جرمانہ ٓ پاکستان کا پہلا خلاباز 25 نومبر کو چین سے خلا میں جائے گا پی ایچ پی کی سنگین خامیاں، دنیا بھر میں متعدد ویب سائٹس عارضی بند
پاکستان خبر

چینی وزیر خزانہ کا پاکستان کی معاشی بہتری کا خیرمقدم، تعاون بڑھانے پر اتفاق

چینی وزیر خزانہ کا پاکستان کی معاشی بہتری کا خیرمقدم، تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)چین کے وزیر خزانہ لان فوان نے پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری اور استحکام کی جانب پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی چینی ہم منصب لان فوان سے ملاقات بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے مشکل معاشی حالات میں چین کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا، جبکہ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورت حال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو خوش آئند قرار دیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ مالیاتی تعاون بڑھانے، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور علاقائی اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں ضابطہ جاتی معاونت، ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے میں تعاون، 2.5 فیصد کی مسابقتی شرح منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کو اہم عوامل قرار دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان نے چینی سرمایہ منڈی میں خودمختار بانڈز جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے مستقل موجودگی قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں چار سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور منظور شدہ 7.2 ارب چینی یوآن کے پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز جاری کرنے کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس سلسلے میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔دونوں وزرائے خزانہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اسلام آباد میں ایس سی او وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر بھی بات چیت کی۔ چینی وزیر خزانہ لان فوان نے اس اجلاس میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات میں ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ چینی وفد نے اس حوالے سے مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی، جبکہ پاکستان نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق چین پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔محمد اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں کی تربیت کے فروغ کے لیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر طے شدہ فریم ورک پر عمل درآمد اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔