پشاور (پاکستان خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کیلئے مشاورت ہوئی ہے، اس کی آئین میں گنجائش موجود ہے اور یہ کوئی غیرآئینی اقدام نہیں ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی کے مسائل موجود ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کی بات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بھی دیکھنا چاہیے۔گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے تیار نہیں اور اس کے بعض رہنما گرفتاریاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس قربانیاں دے رہی ہے، لیکن اسے مطلوبہ سہولیات اور وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ڈی ایس پیز کی بھرتیوں میں 25 فیصد کوٹہ چاہتے ہیں، تاہم ایسے اقدام کے خلاف مزاحمت کی جائے گی اور پولیس کا تحفظ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں توقع ہے کہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دے گی۔ فیصل کریم کنڈی کے مطابق گورنر راج کے معاملے پر مشاورت ہوچکی ہے اور صوبے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔