کراچی ( کامرس ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ تیل بردار جہازوں پر پابندیاں نرم کرنے سے متعلق امریکا کے ممکنہ اقدامات کے باعث سرمایہ کار محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد کم ہوکر 105.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 54 سینٹ، یعنی 0.55 فیصد کمی کے بعد 97.43 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے تیل کی رسد پر دباؤ کم کرنے کے لیے ہنگامی ذخائر سے مزید تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مارچ میں کیے گئے اعلان کے مطابق 2 کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور باقی ماندہ تیل جاری کیا جائے گا۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ تیل کی ترسیل کے ریکارڈ اخراجات کم کرنے کے لیے ایسے بعض جہازوں پر پابندیاں اٹھانے پر بھی غور کررہی ہے جو روس، ایران اور وینزویلا سمیت مختلف ممالک سے تیل منتقل کرتے رہے ہیں۔دوسری جانب آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر دوبارہ حملوں اور سعودی عرب و یمن کے حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات بدستور برقرار ہیں۔