اسلام آباد (و یب ڈیسک) حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر صارفین کیلئے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیملی وی لاننگ کے نام پر فحاشی کی روک تھام کیلئے بھی مختلف تجاویز زیر بحث آئیں گی، جبکہ بعض ممالک کی طرز پر چند سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں تمام تجاویز پر مشاورت کے بعد آئندہ کے فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور وفاقی و صوبائی پولیس کے حکام شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی مطالعہ کیا جائے گا۔