اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان کے صحت اور دوا سازی کے شعبے میں خود انحصاری، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے اہم اقدامات پر پیش رفت جاری ہے، جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار نمایاں ہے۔صحت اور دوا سازی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر صحت اور ڈائریکٹر جنرل خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری، پلازما فریکشنیشن منصوبے اور قومی پالیسی پیکیج سے متعلق پیش رفت پر غور کیا گیا۔شرکا نے ادویات کی نگرانی کے لیے ڈرگ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے نفاذ اور صحت کے شعبے کی برآمدی صلاحیت میں اضافے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل صحت اور دوا سازی کے شعبے میں جدت، سرمایہ کاری اور ترقی کے فروغ کے لیے معاونت فراہم کر رہی ہے، جس کا مقصد ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ کرنا ہے۔