ابوجا( مانیٹرنگ ڈیسک)نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اوندو میں فضائیہ کا ایک طیارہ دریا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں سوار تمام 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔نائجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔نائجیرین فضائیہ کے مطابق طیارہ معمول کے مشن پر جنوبی شہر بینن سٹی سے معاشی مرکز لاگوس جا رہا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے اوندو کے علاقے اِگبوکوڈا میں حادثے کا شکار ہوگیا۔صدارتی دفتر کے مطابق طیارے میں 25 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، جن میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ وزیر ہوا بازی فیسٹس کیامو نے بتایا کہ طیارہ ایک بحری اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔صدر ٹینوبو نے نائجیرین فضائیہ کو حادثے کی فوری اور مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ واقعے کی وجوہات معلوم کی جاسکیں اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔مقامی رہائشی ڈایو اکینٹے نے بتایا کہ حادثے کے وقت انہوں نے ایک زور دار آواز سنی، جسے ابتدا میں انہوں نے گرج چمک سمجھا۔ ایک مقامی ماہی گیر نے طیارہ گرنے کی اطلاع قریبی بحری اڈے اور علاقے کے رہائشیوں کو دی۔اِگبوکوڈا اوندو ریاست کے ضلع اِلاجے میں واقع ہے، جو نائجیریا کا تیل پیدا کرنے والا علاقہ بھی ہے۔