اسلام آباد (پاکستان خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی دہشت گردی کا ہر ممکن طریقے سے خاتمہ ضروری ہے، حکومت چاہتی ہے کہ صوبے میں بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری رہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔