اسلام آباد( کامرس ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات میں تجارت، توانائی، انسانی وسائل کی ترقی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، جبکہ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ صدر ولیم روٹو نے خلیجی اور مغربی ایشیا کے حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت دیگر شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ملاقات میں صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔