لاہور (پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کوئی یہ الزام لگاتا ہے کہ پنجاب نے دوسروں کا حق کھا لیا، حالانکہ پنجاب نے کبھی کسی کا حق نہیں مارا بلکہ اپنے حصے میں سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اعتراضات دراصل ان پر نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی پر کیے جا رہے ہیں۔ بعض لوگوں کو 9 ارب روپے کے سرکاری طیارے پر اعتراض ہے، حالانکہ یہ طیارہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ہے اور وہ اسے اپنے گھر نہیں لے جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرین تک کشتیوں کے ذریعے بھی پہنچیں، ہر وزیراعلیٰ کو سرکاری طیارہ حاصل ہے، مگر اعتراض صرف ان پر کیا جاتا ہے۔ تنقید کرنے والوں کو طیارے سے نہیں بلکہ مریم نواز کے کاموں سے مسئلہ ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے طیارہ استعمال کرنے پر تقریباً پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملے کیلئے آئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کیلئے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے، تاہم خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔الیکٹرک بس سروس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ مسافروں کیلئے عام کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کیلئے سفر مفت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس پنجاب کی آخری حدود تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ صوبے کے عوام کو جدید اور کم خرچ سفری سہولیات میسر آسکیں۔ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ خصوصی افراد کیلئے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔مریم نواز کے مطابق گرین بسوں میں خواتین کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں رہنے والا ہر فرد ان کی ذمہ داری ہے، ان کی حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے میو اسپتال کیلئے چین سے جدید کینسر مشین منگوائی تھی، جبکہ پنجاب میں دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کرکے آئی ہیں۔ اس مشین سے 2 خواتین کا علاج کیا گیا، جن کا انٹرویو بھی کیا، دونوں کا علاج 45 منٹ میں مکمل ہوا۔
پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا: مریم نواز
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان