اسلام آباد (پاکستان خبر)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر مذاکرات کے لیے آگے آئے، حکومت کی جانب سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ تاہم ریاست کو دباؤ میں لاکر کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔پریس کانفرنس میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں سیاسی بے یقینی کا سلسلہ 2014 میں شروع ہوا اور اسلام آباد کا گھیراؤ پی ٹی آئی کی سیاست کا نمایاں حصہ رہا ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے، اس لیے پی ٹی آئی کو ذاتی مفادات چھوڑ کر مسائل کے حل کی طرف آنا چاہیے۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کر رہی ہے اور مذاکرات میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو بھی غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔مشیر وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ 4 اکتوبر سے اب تک پی ٹی آئی چند ہزار افراد ہی جمع کرسکی ہے اور ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ منوانا ممکن نہیں۔ افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کا واضح پیغام دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پولیس و کسٹمز اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
پی ٹی آئی ذاتی مفاد چھوڑ کر مذاکرات کرے، حکومت کے دروازے کھلے ہیں: رانا ثنا
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان