کوئٹہ، پشاور( پاکستان خبر)بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور کئی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور زیر زمین راستے تباہ کر دیے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جسے بم ناکارہ بنانے والے دستے نے تلف کر دیا۔ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش اور صفائی کا عمل جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور مستقل امن کے قیام کیلئے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔