اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اگر آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ ہو تو اس کے ساتھ مذاکرات کے امکان پر غور کیا جاسکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب بھی اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوجائے تو اس معاملے پر مزید پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا موجودہ طرزِ عمل خود اسی جماعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ عمران خان کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے ٹیلی فون پر رابطہ تک نہیں کیا تھا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ایوان میں آنے پر اپوزیشن لیڈر سے مصافحہ بھی کرتے ہیں اور بات چیت بھی کرتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی بہنوں کی نظر بندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بھی اس صورتحال پر دکھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ عمران خان کی بہنیں لانگ مارچ کے حوالے سے کیا گفتگو کرتی رہی تھیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بہنوں کی جانب سے گورنر ہاؤس پر چڑھائی کرنے کے بیانات دیے گئے تھے، جس کے باعث حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے نظر بندی ناگزیر ہوگئی تھی۔پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ جماعت سے وابستہ سوشل میڈیا پر کس نوعیت کی گفتگو ہوتی رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف آئینی اور قانونی طریقے سے اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہوجاتی تو عبوری نظام کی ضرورت پیش نہ آتی، تاہم اب بھی اس حوالے سے غور کیا جاسکتا ہے۔دہشت گردی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے خبردار کیا کہ اگر اس کا فوری خاتمہ نہ کیا گیا اور پوری قوم اس کے خلاف متحد نہ ہوئی تو ملک کے وجود کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسی یکساں ہونی چاہیے۔بھارت سے متعلق گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت اب پاکستان کے خلاف روایتی جنگ لڑنے کی پوزیشن میں نہیں رہا اور اس نے افغانستان میں اپنے ٹھکانے قائم کرلیے ہیں۔ ان کے بقول بھارت مالی وسائل کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جبکہ پورا خطہ پاکستان کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے ملک کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
پی ٹی آئی مثبت کردار ادا کرے تو مذاکرات پر غور ہوسکتا ہے، رانا ثنا اللہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان