واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثے واپس کرنے کی پیشکش سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایران کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی اور امریکی میڈیا ادارے ایگزیوس کی رپورٹ جھوٹی ہے۔ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ رپورٹ ان کے خلاف تعصب پر مبنی ہے اور ان کے مخالفین کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے شائع کی گئی۔ انہوں نے ایگزیوس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس خبر کو واپس لے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی میڈیا میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام میں ٹھوس پیش رفت کے بدلے اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے پر غور کررہی ہے۔ایگزیوس اور سی این این کو امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ امریکا ثالثوں کے ذریعے ایران سے مثبت اور تعمیری بات چیت کررہا ہے۔تاہم امریکی حکام کے مطابق جوہری معاملات میں مکمل پیش رفت کے بغیر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہیں پائے گا اور ٹرمپ انتظامیہ اس مؤقف پر قائم ہے۔