واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر کرس مرفی نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ دورے کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سینیٹر کرس مرفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں قطر میں امریکی اور ایرانی سفارت کاری کے رابطہ کار علی الثوادی کے ساتھ طویل ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ نیا سفارتی معاہدہ طے پانا مکمل طور پر ممکن ہے۔کرس مرفی کا کہنا تھا کہ امریکا کو دوبارہ فوجی حملے شروع کرنے کے بجائے سفارتی معاہدے کو ترجیح دینی چاہیے۔خطے میں جاری کشیدگی اور ماضی کی ناکام امن کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ دشمنی کو دوبارہ ہوا دینے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے امن قائم کرنا اس وقت سب سے اہم اور قابلِ عمل راستہ ہے۔