تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگوں کے باعث ہونے والی ماحولیاتی تباہی کی مذمت کی جائے۔مسعود پزشکیان کے مطابق غزہ اور خطے کے دیگر حصوں میں جنگوں نے قدرتی ماحول کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے اثرات کسی ایک ملک یا سرحد تک محدود نہیں رہتے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بات آرمینیا میں منعقدہ عالمی ماحولیاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شریک تھے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں جارحانہ جنگوں کے نتیجے میں ہونے والی ماحولیاتی تباہی کو ’’ماحولیاتی نسل کشی‘‘ قرار دیا جانا چاہیے اور عالمی سطح پر اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ جنگوں سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مشترکہ اقدامات کیے جائیں اور مؤثر حل تلاش کیے جائیں۔مسعود پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر علاقوں میں جاری تنازعات کے انسانی اور ماحولیاتی اثرات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔