اسلام آباد (پاکستان خبر)صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کا اعلیٰ قومی اعزاز ’’نشانِ امتیاز‘‘ عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ انتونیو گوتریس نے اعزاز ملنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ صدر نے عالمی امن اور مذاکرات کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پانی کو ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ پائیدار امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعات، خصوصاً جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل ضروری ہے۔صدر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے اور علاقائی تنازعات کے حل کا بہترین راستہ مذاکرات ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کو افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی مسلسل کارروائیوں کا سامنا ہے۔