پشاور (پاکستان خبر) خیبرپختونخوا حکومت نے انسانی حقوق سے متعلق شکایات کے مؤثر ازالے اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مشیرِ اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور کے مطابق متعلقہ اداروں کے مشترکہ اجلاس میں شکایات کی وصولی، انہیں مناسب اداروں تک منتقل کرنے اور پیش رفت کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پورٹل سے شکایات کے حل میں تاخیر اور اداروں کی کوششوں میں تکرار کم ہوگی۔ موجودہ اداروں کو نظام سے منسلک کیا جائے گا اور کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں ہوگا۔ محکمہ سماجی بہبود، پولیس، محتسبین اور انسانی حقوق سے متعلق دیگر ادارے اپنے قانونی دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔مجوزہ طریقۂ کار کے تحت ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انسانی حقوق سے متعلق شکایات متعلقہ اداروں کو بھیجے گا، جبکہ ضلعی پولیس افسران کے دفاتر میں انسانی حقوق کے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ منصوبہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون اور یورپی یونین کے فنڈڈ پروگرام حقوقِ پاکستان کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، جس سے صوبائی وسائل پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک ماہ کے اندر پورٹل پر پیش رفت اور عمل درآمد کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی ہدایت کی۔