لاہور ( کامرس ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کے مسائل، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مریم نواز نے علی حسام اصغر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ملاقات میں لاہور چیمبر کے وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور پنجاب میں صنعتی ترقی کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے قابلِ عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن تیزی سے جاری ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔لاہور چیمبر کے وفد نے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا۔ صدر علی حسام اصغر نے امن و امان کے قیام کے لیے مریم نواز کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔