ایمسٹرڈیم (ویب ڈیسک) نیدرلینڈز کی حکومت نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے 2035 تک 25 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے 3.5 ارب یورو کی بچت متوقع ہے۔منصوبے کے تحت سرکاری افرادی قوت میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی جائے گی۔ ڈچ اسٹیٹ سیکریٹری ایرک وان ڈیر برگ کے مطابق ملازمتوں میں کٹوتی سے 2027 میں 90 کروڑ یورو کی بچت ہوگی، جبکہ اے آئی کے استعمال سے سرکاری اداروں کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔حکومت کو توقع ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد تک اضافہ کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ سرکاری اداروں پر کام کا بوجھ کم کرنے کے لیے قوانین اور ضوابط آسان بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے ایک سال کے دوران کم از کم 500 قوانین یا اصول ختم کرنے یا آسان بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔اخراجات میں مزید کمی کے لیے دو ملازمین کے لیے ایک میز استعمال کرنے، اضافی سرکاری عمارتیں فروخت کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کو یکساں معیار کے مطابق ڈھالنے جیسے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے ملازمتوں اور افرادی قوت کی ضروریات تبدیل ہو رہی ہیں، جبکہ نیدرلینڈز کا یہ منصوبہ سرکاری شعبے میں بھی اے آئی کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
نیدرلینڈز میں اے آئی سے 25 ہزار سرکاری نوکریاں ختم کرنے کا منصوبہ
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی