راولپنڈی (پاکستان خبر) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک کے اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خاران میں دہشتگردوں نے سڑک بند کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔واشک میں ہونے والے دوسرے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جو دیسی ساختہ بم تیار کرنے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک بھر میں انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔