جدہ ( کامرس ڈیسک) سنگاپور اور سعودی آرامکو نے 2027 سے سعودی خام تیل کو سنگاپور میں زیرِ سمندر واقع تنصیبات میں ذخیرہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر توانائی کا تحفظ مضبوط بنانا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنگاپور کے وزیر برائے توانائی، تجارت اور صنعت تان سی لینگ نے پیر کو سنگاپور انرجی لیکچر 2026 کے دوران اس مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا۔منصوبے کے تحت سعودی آرامکو 2027 کی دوسری ششماہی سے سعودی خام تیل سنگاپور میں زیرِ سمندر قائم تنصیبات میں ذخیرہ کرے گی۔ یہ اقدام عالمی سطح پر تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد رواں سال عالمی توانائی کے شعبے کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں نے صورتحال مزید پیچیدہ بنا دی ہے۔تان سی لینگ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا موجودہ بحران تیل اور توانائی کی فراہمی میں آخری رکاوٹ نہیں، مستقبل میں بھی اس نوعیت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب سنگاپور نے 2030 تک ایک اور ٹرمینل تعمیر کرکے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) ذخیرہ کرنے اور اس کی فراہمی کی صلاحیت میں 50 فیصد اضافہ کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔
سنگاپور اور سعودی آرامکو کا 2027 سے زیرِ سمندر تیل ذخیرہ کرنے کا منصوبہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس